چین سے خریدی گئیں جدید ٹرین کوچز کراچی پہنچا دی گئیں
پاکستان ریلوے کیلئے چین سے خریدی گئیں جدید چھیالیس کوچز بذریعہ جہاز کراچی پہنچا دی گئی ہیں۔ جو جلد ٹریکس پر دوڑتی نظر آئیں گی۔
جدید ٹرین کوچز کی کراچی آمد کے موقع پر تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ریلوے حکام اور چین کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
ان نئی جدید کوچز میں اکانومی پارلر کار اور اے سی اسٹینڈرڈ کوچز شامل ہیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ جنرل منیجر شاہد عزیز نے بتایا کہ کوچز جدید سہولیات سے آراستہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان نئی جدید کوچز میں آرام دہ نشستوں کے ساتھ کال بیل اور موبائل فون چارج کی سہولت بھی موجود ہے، تاہم ڈی ایس ریلوے کاشف یوسفانی نے مسافروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوران سفر کوچز کو احتیاط سے استعمال کریں۔
ریلوے حکام کے مطابق پاکستان ریلوے کیلئے ایک سو چوراسی کوچز پاکستان میں تیار کی جائیں گی جن کے پرزے چین سے منگوائے جائیں گے۔