پاک فوج کی کمان کی تبدیلی، تقریب میں سابق آرمی چیفس توجہ کا مرکز
پاک فوج کی کمان کی تبدیلی کی تقریب میں سابق آرمی چیفس راحیل شریف اور اشفاق پرویز کیانی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور سبکدوش ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ کچھ اور شخصیات بھی تھیں جنہوں نے حاضرین کی توجہ سمیٹ لی۔
سابق آرمی چیف راحیل شریف پینٹ کوٹ میں ملبوس تھے تو جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی شیر وانی اور قراقلی ٹوپی پہنے قائد اعظم کی جھلک بنے موجود تھے۔
دونوں سابق عسکری قائدین کے ساتھ حاضر سروس،ریٹائرڈ افسران اور خواتین نے تصاویر بھی بنوائیں۔
پنڈال میں موجود چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وزیر دفاع ، وزیر داخلہ ، وزیر خارجہ، وزیر اطلاعات ،گورنرز اور وزرائے اعلیٰ سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات نے اہم مرحلہ خوش اسلوبی سے گزرے پر اطمینان و مسرت کا اظہار بھی کیا۔
خواجہ آصف، بلاول بھٹو زرداری اور رانا ثناء اللہ اور دیگر نے توقع ظاہر کی کہ ملکی حالات میں اب تیزی سے بہتری آئے گی۔
یہ گونج بھی سنائی دی کہ پی ٹی آئی نے اس اہم قومی مرحلے کو متنازع بنانے میں کسر تو کوئی نہ چھوڑی لیکن ناکامی کا ہی منہ دیکھنا پڑا۔