بھارت؛ مظاہرین کا پولیس اسٹیشن پر حملہ، 36 اہلکار زخمی
بھارت میں مشتعل مظاہرین نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کرکے 36 اہلکاروں کو زخمی کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں اتوار کی رات ایشیا کی امیر ترین شخصیت گوتم اڈانی کے ایک بندرگاہی منصوبے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مشتعل ماہی گیروں نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 36 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد مظاہرین بھی زخمی ہوئے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ سمندری کٹاؤ کا باعث بن رہا ہے جس کے نتیجے میں انکا ذریعہ معاش تباہ ہوگیا ہے، ماہی گیروں کا احتجاج گزشتہ 100 روز سے جاری ہے جس میں منصوبے کی سئٹ پر جانے والے راستوں کی ناکہ بندی کی گئی ہے۔
بہت سے ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے باعث ہونے والے سمندری کٹاؤ کے نتیجے میں انکے مکانات بھی تباہ ہوئے ہیں اور وہ عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں، اڈانی پورٹ اینڈ ایس ای زیڈ لمیٹڈ نامی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ وہ اس منصوبے پر ماحولیاتی قوانین کے مطابق کام کررہے ہیں سمندری کٹاؤ کی وجہ یہ منصوبہ نہیں بلکہ کلائمٹ چینج ہے۔
اتوار کو مظاہرین نے پروجیکٹ کی سائٹ پر کمپنی کی گاڑیوں کو روک دیا تھا جس پر پولیس نے کئی افراد کو حراست میں لے لیا، ماہی گیروں نے تھانے کے باہر اپنے ساتھیوں کی رہائی کیلئے احتجاج شروع کردیا، پولیس نے تھانے پر حملے کے الزام میں 3 ہزار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے علاقے میں 900 پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔