اسلام آباد پولیس کا جلسے کے بعد نیا سیکیورٹی پلان تیار
اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے جلسے کے بعد کے لئے نیا سیکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے۔
تحریک انصاف کا آج راولپنڈی میں جلسہ ہوگا، اور جلسے کے بعد ممکنہ طور پر پی ٹی آئی کے کارکنان اسلام آباد کی جانب بھی بڑھ سکتے ہیں، جس کے لئے اسلام آباد پولیس نے جلسے کے بعد کی صورتحال کیلئے نیا سیکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے جلسے کے اختتام پر کسی ریلی کو اسلام آباد داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خطاب کے بعد بھی اسلام آباد میں سیکیورٹی الرٹ رہے گی، سیکیورٹی کی 3 لیئرزکے تحت فیض آباد تا زیرو پوائنٹ نفری تعینات ہو گی۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ نائتھ ایونیو اور آئی جے پی روڈ پربھی پولیس نفری موجود رہے گی، جب کہ ریڈ زون میں رینجرز کی نفری بھی ڈیوٹی پر موجود ہے۔