ملکی دفاع کیلئے مسلح افواج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،جنرل ندیم رضا
سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا کہنا ہے کہ ملکی دفاع کیلئے مسلح افواج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کے اعزاز میں خصوصی الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں جوائنٹ سروسز ہیڈ کوارٹرز کے سابق چیئرمین اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق تقریب سے خطاب میں جنرل ندیم رضا نے کہا کہ اپنے فرائض ایمانداری، انصاف اور وقار کے ساتھ ادا کیے۔ بہادر سپاہی دفاع وطن مزید مضبوط بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
جنرل ندیم رضا نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع میں مسلح افواج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ جنرل ندیم رضا نے مارچ پاسٹ کا جائزہ لیا۔
خیال رہے کہ جنرل ندیم رضا اکتالیس سال کی شاندار فوجی خدمات کے بعد 26 نومبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔