راولپنڈی: ذہنی معذور لڑکی کے اغوا اور جنسی زیادتی میں ملوث گروہ گرفتار

لٹیرے متاثرہ لڑکی کے گھر میں ڈھائی سال سے کرائے پر رہائش پذیر تھے

راولپنڈی میں ذہنی معذور لڑکی کو اغوا کرکے اُس کی عزت اور گھر سے ایک کروڑ روپے مالیت سے زائد کے زیورات لوٹنے والے 5 رکنی گینگ میں سے خاتون سمیت 3 ملزمان ایک ماہ بعد پکڑے گئے۔

پولیس کے مطابق ملزم شکیل اور اس کے بھائی نوید نے گزشتہ مہینے محلہ قاسم آباد میں مالک مکان کی 16 سالہ ذہنی معذور بہن کو اغوا کرکے جنسی ہوس کا نشانہ بنایا تھا۔19 اکتوبر کو تھانہ وارث خان میں درج ایف آئی آر کے مطابق ملزمان گھرمیں پڑا 105 تولے سونا، 35 لاکھ روپے نقد اور 2 موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔

پولیس نے مغویہ کو بازیاب کرانے کیساتھ لوٹے گئے تمام زیورات اور رقم برآمد کرلی اور متاثرہ بچی کی میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں ایف آئی آر میں زیادتی کی دفعہ بھی شامل کر دی گئی۔

ڈی ایس پی سٹی راولپنڈی محمد طاہر کا کہنا ہے کہ جہاں جہاں انفارمیشن ملتی رہی وہاں پر ریڈ کیے اور اس کے نتیجے میں اللہ نے ہمیں کامیابی دی۔

لٹیرے متاثرہ لڑکی کے گھر میں ڈھائی سال سے کرائے پر رہائش پذیر تھے۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مکان کرایہ پر لیا ہی واردات کرنے کیلئے تھا۔

اغوا میں مدد کے الزام میں گرفتار ملزم شکیل کی اہلیہ فائزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جا چکا جبکہ دیگر دو ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے جاری ہیں۔

street crime

PUNJAB POLICE

RAPE CASE

Tabool ads will show in this div