اہم عہدوں پر تقرری؛ وزیراعظم نے معمول کی سرگرمیاں منسوخ کر دیں
اہم عسکری عہدوں پر تعیناتی کی وجہ سے وزیراعظم شہباز شريف نے معمول کی سرگرمیاں منسوخ کر دیں۔
وزيراعظم شہباز شريف سے وزیر دفاع خواجہ آصف اور سینئر وزراء اسحاق ڈار، ایاز صادق نے ملاقات کی ہے، جس میں پاک فوج کے سربراہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس کيلئے بھجوائے گئے ناموں کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر دفاع نے پینل میں شامل افسروں کی پروفائل پر وزیراعظم شہبازشریف کو بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں: اہم تقرری کے لیے سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اپنی معمول کی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں، اور تقرریوں کے معاملے پر وزیراعظم آج اتحادی جماعتوں سے حتمی مشاورت کریں گے۔
ملاقات کے بعد وزیردفاع کی میڈیا سے بات
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس تعیناتی کو پبلک ڈیبیٹ کا حصہ نہیں بننا چاہئیے، اور قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہئیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاست سے قطع نظر قومی مفاد میں فیصلے ہونے چاہئے، فوج کے سربراہ کی تعیناتی میں لوز ڈلیوری افورڈ نہیں کی جاسکتی۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ صدر اور اسحاق ڈار کی ملاقات میں روپے پیسے کی بات ہوئی تھی، امید اور دعا ہے نوازشریف کی سال کے آخر تک واپسی ہو جائے۔
اتحادی جماعتوں کا اجلاس طلب
وزیراعظم شہباز شریف نے آج شام 6 بجے اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس بھی طلب کررکھا ہے، جس میں آرمی چیف کی تقرری پر مشاورت ہوگی، وزیراعظم پارلیمانی رہنماوں کو اہم تقرریوں سے متعلق فیصلوں پر اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق آج ہونے والے اہم اجلاس میں تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے لانگ مارچ سمیت اہم سیاسی امور پر بھی مشاورت ہوگی۔