ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے نئے فارمیٹ کا اعلان، امریکا بھی کھیلے گا

امریکا اور ویسٹ انڈیز مشترکہ طور پر ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے، آئی سی سی

آئی سی سی نے 2024ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے نئے فارمیٹ کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کے مطابق 2024ء میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی جس کیلئے پانچ، پانچ ٹیموں کے چار گروپس بنائے جائیں گے، ہر گروپ میں سے دو، دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جائیں گی جہاں انہیں چار، چار کے دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، دونوں گروپس سے دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

آئی سی سی نے پیر کو نئے فارمیٹ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 2024 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا کریں گے، 12 ٹیموں نے اس ورلڈ کپ کیلئے پہلے ہی اپنی جگہ بک کرلی ہے جس میں امریکا اور ویسٹ انڈیز نے میزبان ہونے کی بنیاد پر کوالیفائی کیا ہے۔

اسکے علاوہ پاکستان، بھارت، جنوبی افریقہ، ہالینڈ، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور سری لنکا نے کارکردگی کی بنیاد پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اگلے ایڈیشن میں اپنی جگہ پکی کرلی، بہتر رینکنگ کی بنیاد پر افغانستان اور بنگلہ دیش نے بھی T20 ورلڈ کپ 2024 کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

2024 ایڈیشن کی باقی آٹھ ٹیموں کا تعین علاقائی کوالیفائرز کے ذریعے کیا جائے گا۔ افریقہ، ایشیا اور یورپ سے دو دو ٹیمیں کوالیفائی کریں گی جبکہ امریکا اور ایسٹ ایشیا پیسیفک ریجن سے ایک ایک ٹیم عالمی ایونٹ میں جگہ بنائے گی۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

ICC T20 WORLD CUP

T20 WORLD CUP 2024

New format T20 world cup 2024

Tabool ads will show in this div