الیکشن کمیشن کا بلدیاتی الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کرانے سے انکار
الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر بلدیاتی الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کرانے سے انکار کردیا۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو الیکٹرانک ووٹنگ کی شق قانون سے نکالنے کا مراسلہ لکھ دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ قانون سے ای ووٹنگ کی شق نکالنے کیلئے ترمیم کرائی جائے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات نے وزیراعلیٰ کو سمری بھجوانے پرآمادگی ظاہر کر دی۔
شق تبدیل کرنے کیلئے پنجاب اسمبلی میں ترمیمی بل پیش کیا جائے گا اور پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد اس شق کو ختم کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 15 نومبر کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو صرف الیکشن رولز، حلقہ بندی اور ڈرافٹ رولز موصول ہوئے ہیں دیگر دستاویزات، ڈیٹا اور نقشہ جات وغیرہ تاحال مہیا نہیں کیے گئے۔
الیکشن کمیشن حکام نے پنجاب حکومت کے تاخیری حربوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی دو مرتبہ حلقہ بندیوں کی تکمیل کی جا چکی۔ اخراجات قومی خزانے پر بوجھ ثابت ہوئے۔