حکومت سندھ کا جگر کے 100 مریضوں کے مفت علاج کا اعلان
سندھ حکومت نے 100 مریضوں کے جگر کی پیوندکاری کاری کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کردیا۔
ڈاؤ یونیورسٹی لیور ٹرانسپلانٹ یونٹ کی جانب سے 75 سے زائد جگر کے ٹرانسپلانٹ کی تکمیل کی تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ کی جانب سے ڈاؤ یونیورسٹی میں مستحق مریضوں کے 100 لیور ٹرانسپلانٹ مفت کئے جائیں گے۔
قبل ازیں انھوں نے ڈاؤ یونیورسٹی میں پانچ سو ملین (پچاس کروڑ) روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے نئےاو پی ڈی کمپلیکس کا نقاب کشائی کرکے رسمی افتتاح کیا۔ بعد ازاں گاما نائف سینٹر سے متصل آنکالوجی سینٹر (کینسر سینٹر) کا سنگ بنیاد رکھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت ہیلتھ پروفیشنل کو ہر وہ الاؤنس دینے کو تیار ہے جو کسی اور صوبے میں دیا جا رہا ہے۔ سندھ میں سیلاب کے باعث جو تباہی آئی ہے اس کے اثرات ہر شعبے پر پڑے ہیں سندھ بجٹ پر اضافی مالی بوجھ بڑھا ہے جس کے باعث صوبے کے تمام ہی شعبوں سے وابستہ افراد ان حالات کو سمجھیں۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی، ”سیاگ“ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سعد خالد نیاز، لیور ٹرانسپلانٹ یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر جہانزیب حیدر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ نے پچاس لیور ٹرانسپلانٹ کے لیے ڈاؤ کو مالی معاونت کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے نجی شعبے کے افراد کے تعاون سے اس رقم میں اضافہ کرکے 75 سے زائد یعنی 81 ٹرانسپلانٹ کر دیئے اور مزید ٹرانسپلانٹ ابھی ہو رہے ہیں۔
سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے او پی ڈی کمپلیکس میں 56 کلینک ہوں گے جس کے نتیجے میں عام لوگوں کو علاج کی بہتر سہولیات میسر ہوسکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کینسر سینٹر میں حکومت سندھ کے تعاون سے ڈھائی ارب روپے کی مالیت سے ایم آر لائنیک نصب کی جا رہی ہے۔ بہترین علاج کی سہولتوں پر ڈاؤ یونیورسٹی کی قیادت اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔