الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرہ 115 خاندانوں کو نئے گھروں کی چابیاں دے دیں
الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرہ 115 خاندانوں کو نئے گھر تعمیر کرکے دے دیئے۔
ڈیرہ غازی خان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے بستی گدووانی اور بستی وڈانی میں متاثرہ خاندانوں کو الخدمت فاونڈیشن کی جانب سے تعمیر نو اور نئے گھروں کی تعمیر کے بعد گھروں کی چابیاں تقسیم کردی گئیں۔
اس حوالے سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے متاثرہ افراد میں گھروں کی چابیاں تقسیم کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے ضلع بھر میں 115 گھروں کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا، لیکن وفاقی و صوبائی حکومتوں نے سیلاب زدگان کے لیے اعلان کی گئی امداد کا کہیں استعمال نہیں کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تین ماہ گزرنے کے باوجود لاکھوں سیلاب متاثرین بے سہارا بیٹھے ہیں، مہنگائی، غربت، بے روزگاری نے 22 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔