اسٹیج پرفارمر حسنہ کے ساتھ زیادتی، مقدمہ درج
لاہور میں پولیس نے اسٹیج ادکارہ حسنہ کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا۔
لاہور کے تھانہ سندر میں اسٹیج پرفارمر نے اشرف شاہ نامی شخص کے خلاف زیادتی، بلیک میلنگ اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان چھیننے کا مقدمہ درج کرایا ہے۔
مدعیہ کی جانب سے درج کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کی ملزم سے 2017 سے جان پہچان تھیں، ملزم اس کے میوزیکل پروگرامز میں آتا رہتا تھا۔
2018 میں ملزم نے اسے پرفارمنس کے لئے اپنے فارم ہاؤس بلایا، جہاں اس نے نشہ آور مشروب پلانے کے بعد ناصرف زیادتی کا نشانہ بنایا بلکہ قابل اعتراض ویڈیوز بھی بنائیں، اسی بنیاد پر وہ کئی سال اسے بلیک میل کرتا رہا۔
2019 میں مدعیہ نے شادی کی تو اس نے سابق شوہر کو وہ ویڈیوز دکھاکر طلاق کروادی، کئی برسوں تک ملزم اسے فون کرکے بلیک میل کرتا، اس دوران اس نے اس سے 20 لاکھ روپے بھی اینٹھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مدعیہ نے تنگ آکر ملزم کے فون سننا بند کردیئے، 2 نومبر کو ملزم اشرف شاہ اپنے ڈرائیور اور ملازم کے ہمراہ اداکارہ کے گھر آیا اور زبردستی گاڑی میں اسے شاہدرہ میں واقع فارم ہاﺅس لے گیا۔
فارم ہاؤس میں اس نے اپنے ساتھیوں کے سامنے ناصرف زیادتی کا نشانہ بنایا بلکہ ویڈیوز بھی بنائیں۔ زیادتی کرنے کے بعد ملزم نے اسے چھوڑ دیا لیکن اس کے بٹوے میں موجود ایک لاکھ 20 ہزار روپے نقد، ساڑھے 3 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی، 3 لاکھ 80 ہزار روپے مالیت کا زیور اور بینک چیک بُک چھین لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے تاہم اب تک ملزم کی گرفتاری نہیں ہوسکی۔