آئی ٹی پارک کراچی کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، نوجوانوں کو ہزاروں نوکریاں ملیں گی

منصوبے پر 42 ارب روپے خرچ ہوں گے، وفاقی وزیر امین الحق

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کراچی میں آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ منصوبے پر 42ارب روپے کی خطیر رقم خرچ ہوگی جبکہ ہنر مندوں کیلئے 20 ہزار سے زائد نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

کراچی ایئرپورٹ کے نزدیک سائٹ پر پیر کو آئی ٹی پارک کراچی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے خطاب کیا۔

اس موقع پر تقریب میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ایم کیو ایم (پاکستان) کے ارکان قومی و صوبائل اسمبلی، معاون خصوصی برائے آئی ٹی محترمہ تنزیلہ ام حبیبہ، چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت، وفاقی و صوبائی سیکریٹریز آئی ٹی، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، ایف پی سی سی آئی اور کراچی چیمبر آف کامرس کے عہدیداران، ممبر آئی ٹی و ایم ڈی پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، جنوبی کوریا کے قونصل جنرل، پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن کے عہدیداران، ممتاز کاروباری و صنعتی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید امین الحق نے کہا کہ پراجیکٹ کے آغاز پر اہلیان کراچی، اندرون سندھ اور ملک بھر کے عوام کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایم کیو ایم کو جب بھی وسائل دستیاب ہوئے سب سے پہلی ترجیح عوامی مفادات کے منصوبوں کا اجراء کرنا رہی ہے، کراچی آئی ٹی پارک اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ منصوبے کا آج آغاز ہورہا ہے، جون 2026ء تک اس کی تکمیل ہوجائے گی، پراجیکٹ کی مجموعی لاگت 186 اشاریہ 658 ملین ڈالرز ہے جو آج کے کرنسی ریٹ کے لحاظ سے تقریبا 42 ارب روپے کے لگ بھگ بنتی ہے، اس رقم میں سے 158 اعشاریہ 416 ملین ڈالر یعنی 35 ارب روپے سے زائد جنوبی کوریا کے ایگزم بینک کی جانب سے انتہائی آسان شرائط پر قرضے کی صورت میں فراہم کی جائے گی اور باقی 28 اعشاریہ 242 ملین ڈالرز یعنی 6 ارب 25 کروڑ روپے کی رقم پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے بتایا کہ 19 ارب 66 کروڑ روپے کی لاگت سے اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا آغاز کیا جاچکا ہے، ہم آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کے مسائل کے حل میں بے جا رکاوٹوں اور تاخیر کو برداشت نہیں کریں گے۔

آئی ٹی پارک کی تفصیلات

رپورٹ کے مطابق کراچی آئی ٹی پارک کے عظیم الشان منصوبے کے تحت عمارت 11 منزلہ ہوگی، جس میں 3 زیر زمین اور 8 بالائی منازل شامل ہیں، اس منصوبے کیلئے 6 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے، جبکہ آئی ٹی پارک کا مجموعی کورڈ ایریا ایک لاکھ 6 ہزار 449 مربع میٹر ہوگا، اس عمارت میں 225 سے زائد اسٹارٹ اپس اور اسمال و میڈیم انٹرپرائزز کو دفاتر کی جگہ فراہم کی جائے گی جبکہ مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے دفاتر بھی اس میں قائم ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیسٹنگ لیبارٹری، کلاس رومز، انڈسٹری و اکیڈیمیا کے مابین رابطے کا مرکز، آڈیٹوریم سمیت عالمی معیار کی تمام سہولیات اس میں دستیاب ہوں گی. ٹیکنالوجی پارک کا بنیادی مقصد علم پر مبنی کاروباری اداروں کی تخلیق اور ترقی میں مدد کرنا ہے۔ ٹیکنالوجی پارکس کے فوائد صرف کاروباری اداروں اور پارکوں کے کرایہ داروں تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ پارکوں سے باہر قائم کمپنیوں کیلئے بھی ہیں۔

IT MINISTER AMIN UL HAQUE

IT PARK KARACHI

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div