چیئرمین ایف بی آر کی تاجروں کو غیرقانونی چھاپے ختم کرنے کی یقین دہانی

کسٹم افسر آئے تو اس کا سروس کارڈ چیک کیا جائے اور تصویر لیں، چیف کلیکٹر کسٹم

چیئرمین ایف بی آر نے تاجروں کو غیر قانونی چھاپوں کے خاتمے کی یقین دہانی کرادی۔ چیف کلیکٹر کسٹم نے تجویز دی ہے کہ جو بھی کسٹم افسر چھاپہ مارنے آئے تو اس کا سروس کارڈ چیک کیا جائے اور تصویر لیں۔

چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے ہفتہ کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (کے سی سی آئی) اور فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور تاجروں کے مسائل سنے، اس موقع پر یف بی آر اور کسٹم کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کراچی چیمبر میں چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کو بتایا گیا کہ کسٹم کا اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ کپڑا بنانے والی فیکٹریوں پر چھاپے مارتے ہیں اور اسمگلنگ کا الزام عائد کرتے ہیں، اسی طرح کسٹم اہلکار ٹرک اڈے، ریلوے یارڈ پر بھی چھاپے مار کر بیرون ملک جانیوالے مال کو ضبط کرتے ہیں، جبکہ عدالت میں کیس حل ہونے کے بعد مال واپس کیا جاتا ہے تو وہ بھی کم ہوتا ہے۔ چیف کلیکٹر کسٹم یعقوب ماکھو نے کہا کہ کہ بہت سارے ریٹائرڈ کسٹم انٹلیجنس اہلکار لوگوں سے پیسے لیتے ہیں، انہوں نے تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بھی (ر) افسران کو پیسے دیتے ہیں تو ہم کیا کریں؟۔ انہوں نے تاجروں کو ہدایت کی کہ جو کسٹم افسر آئے اس کا سروس کارڈ چیک کریں، اس کی تصویر لیں اور ہم سے معلومات شیئر کریں۔ کراچی چیمبر کے صدر طارق یوسف، زبیر موتی والا اور ابراہیم کسمبی سمیت دیگر رہنماؤں نے ایف بی آر ٹیم کو تاجروں کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ فیڈریشن چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ریٹیل اور ہول سیل سیکٹر ابھی تک ریٹرنز نہیں دیتے، اس شعبے سے سالانہ 20 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ٹیکس ریفنڈ کے معاملات بہتر ہورہے ہیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے آنے کے بعد ٹیکس ریفارمز کمیٹی نے کام شروع کردیا ہے۔ سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی سلیمان چاؤلہ، نائب صدر شبیر منشاء، ایم اے جبار اور میاں ناصر حیات مگوں نے چیئرمین ایف بی آر کو کہا کہ چھوٹے کاروبار کیلئے ٹیکس کا نظام آسان بنایا جائے، ایف بی آر کے بلا جواز نوٹسز کا خاتمہ ہونا چاہئے۔

fbr

KCCI

PAKISTAN CUSTOMS

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div