چیئرمین سینیٹ کا سینیٹر اعظم سواتی کے الزامات پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کا اعلان
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر اعظم سواتی کے ویڈیو سے متعلق الزامات پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کے انکشافات سے دلی رنج اور تکلیف پہنچی۔
پی ٹی آئی رہنماء اور سینیٹر اعظم سواتی نے پریس کانفرنس کی اور الزام لگایا کہ میری اور میری اہلیہ کی ویڈیو میری اہلیہ کو (ان نون) بغیر نمبر کے فون سے بھجوائی گئی۔
رہنماء پی ٹی آئی اعظم سواتی پریس کانفرنس میں یہ بتاتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے اور کہا کہ ویڈیو کوئٹہ سپریم کورٹ جوڈیشل لاجز میں ان کے قیام کی ہے۔
اعظم سواتی نے یہ بھی بتایا کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد میری اہلیہ، بیٹی اور پوتیاں ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
مزید پڑھیے: سوشل میڈیا پر وائرل اعظم سواتی اور انکی اہلیہ کی ویڈیو جعلی ہے، ایف آئی اے
چیئرمین سینیٹر صادق سنجرانی نے پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کے ویڈیو سے متعلق الزامات پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کا اعلان کردیا، جس میں تمام جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے، کمیٹی تمام حقائق کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی، کمیٹی اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کرے گی۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ اعظم سواتی کے انکشافات سے دلی رنج اور تکلیف پہنچی، اعظم سواتی ایک ایماندار اور قابل عزت شخصیت ہیں، تمام سینیٹرز بلاتفریق قابل احترام اور ایک خاندان کی مانند ہیں، سب جانتے ہیں کہ سینیٹر اعظم سواتی میرے خاندان کے فرد کی طرح ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بطور مسلمان اور بلوچ اخلاقی اقدار سے بخوبی آگاہ ہوں، اعظم سواتی ایوان کے باعزت ممبر ہیں، ان کی تکالیف کا ادراک ہے، سینیٹر اعظم سواتی میرے بڑے بھائی ہیں، ان کی اہلیہ تہجد گزار اور ماں کا درجہ رکھتی ہیں۔
صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو سے متعلق انکشافات قابل مذمت ہیں، سینیٹر اعظم سواتی قابل عزت شخصیت ہیں، اعظم سواتی کو کوئٹہ میں بطور مہمان محفوظ ترین رہائش گاہ فراہم کی گئی۔
واضح رہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کو آرمی چیف سے متعلق ایک متنازع ٹوئٹ پر بھی حراست میں لیا گیا تھا۔