ممنوعہ فنڈنگ کیس؛ عمران خان نے ایف آئی اے کا طلبی نوٹس چیلنج کردیا
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایف آئی اے کے 7 نومبر کو طلبی کے نوٹس کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کی طلبی کا نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے، درخواست میں وفاقی حکومت اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔
عمران خان نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایف آئی اے کے نوٹسز بدنیتی پر مبنی ہیں۔
عمران خان 7 نومبر کو طلب
ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کو سات نومبر کو طلب کررکھا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق بینک میں 6 لاکھ 25ہزار پاؤنڈ بیرون ملک سے منتقل ہوئے تاہم بینک انتظامیہ نے مشتبہ ٹرانزکشن پراسٹیٹ بینک کو مطلع نہیں کیا۔ مشتبہ ٹرانزکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایف آئی اے نے بینک انتظامیہ کوبھی طلب کرلیا۔
حکام کے مطابق اتنی بڑی غیرملکی رقم پراسٹیٹ بینک کو لازمی مطلع کرنا پڑتا ہے، سال 2011 اور 13 میں اس وقت ڈیوٹی پر موجود افسران کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
عمران خان نے الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے لاہور اکاونٹ سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا تاہم اکاونٹ کی ڈیٹیلز کے اوپنگ فارم میں عمران خان کا اتھارٹی لیٹر لگا ہوا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو وضاحت دینے کےلیے طلب کیا ہے۔