گورنر ہاؤس انتظامیہ نے سیکیورٹی بڑھانے کیلئے خط لکھ دیا

چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو حملہ آوروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا بھی کہا گیا

گورنرہاؤس انتظامیہ نے بے قابو ہجوم کے گورنر ہاؤس پر حملے کيخلاف چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو مراسلہ لکھ دیا۔ مراسلے ميں سيکیورٹی بڑھانے اور حملہ آوروں کيخلاف مقدمہ درج کرنے کا کہا گيا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان پر حملے کیخلاف جمعہ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے، لاہور میں ہونیوالے احتجاج کے دوران مظاہرین نے گورنر ہاؤس پر دھاوار بول دیا تھا۔

لاہور میں بے قابو ہجوم کے گورنر ہاؤس پر حملے کے بعد انتظامیہ نے چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو سیکیورٹی بڑھانے اور ملوث افراد کو گرفتار کرنے کیلئے مراسلہ لکھ دیا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے باعث پولیس نفری کی تعداد بڑھائی جائے، پی ٹی آئی کے مقامی ورکرز نے املاک کی توڑ پھوڑ کی، گورنر ہاؤس مال روڈ گیٹ پر ٹائر جلاکر آگ لگائی گئی۔

مراسلے میں گورنر ہاؤس انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ مشتعل مظاہرین نے سیکیورٹی انسٹالیشن کو بھی نقصان پہنچايا، بے قابو ہجوم نے گورنر ہاؤس کے مال روڈ گیٹ کو توڑنے کی کوشش کی۔

گورنر ہاؤس انتظامیہ نے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب سے فوری طور پر سیکیورٹی کیلئے اضافی نفری گورنر ہاؤس بھیجنے اور قانون توڑنے والے بے قابو ہجوم اور مظاہرین کيخلاف مقدمات بھی درج کرنے کا بھی کہا ہے۔

Pti protest

Governor House Lahore

Tabool ads will show in this div