پیشی پر عدالت آئے دو بھائی پولیس اہلکار کی فائرنگ سے جاں بحق
باوردی اہلکار نے قتل کے مقدمہ میں پیشی پر آئے دو بھائیوں پر فائرنگ کرکے ان کی جان لے لی۔
فیصل آباد کی ایڈیشنل سیشن کورٹ میں سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار ہی قاتل بن گیا، اور فائرنگ کرکے دو بھائیوں کو قتل کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دو بھائی پیشی پر عدالت آئے تھے، جب کہ باوردی پولیس اہلکار اندر ہی بیٹھا تھا، اور اسے کسی نے پوچھا ہی نہیں کہ وہ یہاں کیوں بیٹھا ہے اس کی ڈیوٹی کیا ہے۔
دونوں بھائیوں کے کیس کی سماعت شروع ہوئی تو دوران سماعت جج کے سامنے اہلکار نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، اور دونوں بھائیوں کو قتل کردیا۔
سٹی پولیس افسر عمر سعید ملک کا ہکنا ہے کہ پولیس نے حملہ آور کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا، اور ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتولین بھائیوں پر اہلکار کے بھائی کو قتل کرنے کا الزام تھا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی سیشن کورٹ میں گولیاں لگنے سے تین افراد زخمی ہوئے تھے، اور دوسرے روز ہی اس واقعے نے پولیس کی ناقص سیکورٹی کا پول کھول دیا ہے۔