لاہور ہائیکورٹ میں 11 ججز کی تعیناتی اور مستقلی کی منظوری
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور ہائیکورٹ میں 11 ججز کی تعیناتی اور مستقلی کی منظوری دے دی۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے لاہور ہائیکورٹ کے 11 ایڈیشنل ججز کی بطور ججز تعیناتی اور مستقلی کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 175 اے کے تحت دی گئی۔
صدارتی منظوری کے بعد جسٹس شکیل احمد، جسٹس صفدر سلیم شاہد، جسٹس احمد ندیم ارشد، جسٹس محمد طارق ندیم، جسٹس محمد امجد رفیق، جسٹس عابد حسین چٹھہ، جسٹس انوار حسین اور جسٹس علی ضیاء، جسٹس سلطان تنویر احمد، جسٹس محمد رضا قریشی اور جسٹس راحیل کامران کی مستقلی و لاہور ہائیکورٹ میں تعیناتی ہوگئی۔
ججز مستقلی اور تعیناتی کی منظوریاں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی سفارشات کی روشنی میں دی گئیں۔
وفاقی وزارت قانون و انصاف نے ان ججز کی تعیناتی اور مستقلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔