عمران خان کو چیئرمین شپ سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو چیئرمین تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹانے کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔ عدالت عالیہ کا سنگل بینچ کل (جمعرات کو) درخواست پر سماعت کرے گا۔
لاہور ہائیکورٹ میں مقامی وکیل محمد آفاق نے عمران خان کو پی ٹی آئی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کیلئے درخواست دائر کی تھی، جسے سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا ہے، درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی درخواست پر جمعرات کو سماعت کریں گے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل قرار دیا ہے، قانون کے مطابق نااہل شخص پارٹی چیئرمین کا عہدہ نہیں رکھ سکتا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان کو چیئرمین تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹانے اور الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کا حکم دیا جائے۔