حمزہ علی عباسی نے پولیس کی نوکری کیوں چھوڑی؟
دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا کہ والدہ کی خواہش پر سی ایس ایس کیا تھا کیونکہ ان کا تعلق دیہی علاقے سے ہے اور وہاں سی ایس ایس کو بہت بڑی کامیبی سمجھا جاتا ہے۔
پاکستانی معروف اداکار اور فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں نوری نتھ کا کردار ادا کرنے والے حمزہ علی عباسی نے سماء کے پروگرام سپر اوور میں شرکت کی ۔
پروگرام میں ان سے دیگر موضوعات کے علاوہ ان کی تعلیم اور پہلی نوکری کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی ۔
پروگرام کی میزبان خاتون نے سوال کیا کہ سی ایس ایس پی بننا ہر ایک کا خواب ہوتا ہے۔ آپ نے سی ایس ایس کرکے پولیس کی نوکری کیوں چھوڑی؟
حمزہ نے جواب میں اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ میری والدہ کی بڑی خواہش تھی کہ میں سی ایس ایس پاس کروں ۔ میرا تعلق چونکہ دیہی علاقہ سے ہے اور وہاں اس چیز کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے ۔ سی ایس ایس پاس کرنے کو بڑا سمجھا جاتا ہے اور بڑی عزت کی جاتی ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ والدہ نے کہا تھا کہ بے شک سی ایس ایس کر کے چھوڑ دینا ۔
انہوں نے ساتھی مہمان ڈائریکٹر بلال لاشاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ گواہ ہے کہ میں اس وقت کس پریشانی اور الجھن میں تھا ۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے عزت رکھ لی ۔ سی ایس ایس نہ صرف اچھے انداز میں پاس کیا بلکہ اس کے بعد پولیس کی نوکری کی بھی پیش کش ہوئی مگر میں نے والدہ کے اصرار کے باجود نہیں کی اور انہیں اپنی اس بات کے لیے رضامند کرلیا ۔