پنجابی بولنا میرے لئے کوئی مسئلہ نہیں، حمزہ علی عباسی
حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ پنجابی بولنا میرے لئے کوئی مسئلہ نہیں، یہ میرے لئے مفید رہا، حمائمہ ملک، فواد خان اور ماہرہ کیلئے پنجابی بولنا مشکل تھا انہوں نے یہ زبان سیکھی۔
پاکستان کی کامیاب اور مشہور ترین فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے ڈائریکٹر بلال لاشاری نے ادکار حمزہ علی عباسی کے ساتھ سماء کے پروگرام سپر اوور میں شرکت کی۔
میزبان احمد علی بٹ نے حمزہ علی عباسی سے سوال کیا کہ ان کی مادری زبان پنجابی ہے؟۔
حمزہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پنجابی کو میری مادری زبان کہا جاسکتا ہے کیونکہ میں بچپن سے ہی پنجابی بولتا آیا ہوں اس لئے میرے لئے کوئی مسئلہ نہیں ہوا بلکہ یہ میرے لئے مفید تھا۔
فلم کے باقی ساتھیوں فواد اور ماہرہ کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کیلئے کافی مشکل تھا کیونکہ وہ پنجابی زبان سے واقف نہیں تھے، انہوں نے کلاسز لے کر محنت سے پنجابی سیکھی۔
ایک سوال کے جواب میں بلال لاشاری نے کہا کہ فلم بنانے میں کئی مسائل درپیش تھے جن کے سامنے یہ بہت چھوٹا مسئلہ تھا، ویسے بھی اردو زبان بولنے والوں کیئے پنجابی سیکھنا اتنا بھی مشکل نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا ہے کہ خصوصی اور اہم بات یہ تھی کہ اس فلم میں پنجابی اور غیر پنجابی ادکاروں کی جانب سے پنجابی زبان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔