یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کیلیے تحریک انصاف کا ریفرنس مسترد

یوسف رضا گیلانی کے بطور سینیٹر منتخب ہونےکے بعد نااہلی ریفرنس کا جواز نہیں بنتا، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لئے تحریک انصاف کا ریفرنس مسترد کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 4 اکتوبر کو سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لیے چیئرمین سینیٹ کے پاس ریفرنس دائر کیا تھا۔

ریفرنس میں کہا گیا تھا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے بطور وزیر اعظم 2008 میں توشہ خانہ سے 4 گاڑیاں لیں اور 3 گاڑیاں آصف زرداری کو دیں، یوسف رضا گیلانی نے حلف کی خلاف ورزی کی ہے، وہ آرٹیکل 63 کے تحت رکن سینیٹ نہیں رہ سکتے، ریفرنس کو جلد الیکشن کمیشن بھیجاجائے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لئے ریفرنس مسترد کردیا ہے۔

صادق سنجرانی نے نااہلی ریفرنس پر اپنی رولنگ میں کہا ہے کہ سینیٹر یوسف رضا گیلانی پر الزامات بطور رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم تھے، وہ 3 مارچ 2021 کو سینیٹر منتخب ہوئے۔

رولنگ میں مزید کہا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے بطور سینیٹر منتخب ہونےکے بعد نااہلی ریفرنس کا جواز نہیں بنتا، ان کے خلاف ریفرنس پر آرٹیکل 63 اے کا اطلاق نہیں ہوتا۔

26 اپریل 2012 میں سپریم کورٹ نے یوسف رضا گیلانی کو این آر او مقدمے میں عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے انہیں عدالت کی برخاستگی تک کی سزا سنائی تھی۔

اس وقت کی اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے یوسف رضا گیلانی کو اس سزا کی بنیاد پر نااہل قرار دینے سے انکار کر دیا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کے خلاف مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالت عظمیٰ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیا تھا ۔ ان کی نااہلی 2017 میں ختم ہوئی تھی۔

2018 کے عام انتخابات میں یوسف رضا گیلانی نے ملتان سے قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑا تھا لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔

PPP

SENATE

YOUSUF RAZA GILLANI

Tabool ads will show in this div