آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے کمرشل ہیلی کاپٹر سروس کا افتتاح
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے کمرشل ہیلی کاپٹر فلائٹ سروس کا افتتاح کردیا۔
آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں منگل کو نجی کمپنی کشمیر ایئر کی لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس بھی موجود تھے۔
دورہ آزاد کشمیر میں صدر مملکت نے نجی کمپنی کی ہیلی کاپٹر فلائٹ سروس کا افتتاح کیا، انہوں نے باغ میں ایک نئے قائم ہونیوالے پرائیویٹ اسکول کے علاوہ ہیلتھ کیئر انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کے فلیگ شپ کیمپس کا دورہ کیا۔
اس موقع پر صدر مملکت کو عباس پور میں اسپتال کے قیام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ہیلی کاپٹر سروس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ قدرت نے آزاد جموں و کشمیر کو حسن اور سیاحت کی بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، پرائیویٹ سیکٹر کو آزاد جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبے کی ترقی کیلئے آگے آنا چاہئے تاکہ اس کی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جاسکے۔
انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت پر زور دیا کہ وہ پائیدار اور ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینے کے علاوہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کیلئے سیاحت دوست پالیسیاں وضع کرے۔
صدر مملکت کا کہنا ہے کہ سیاحت دنیا کی بہت سی ترقی پذیر معیشتوں کی بنیاد بن چکی ہے اور اسے زرمبادلہ کمانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور معاشی تفاوت کو کم کرنے کا ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کی منصوبہ بندی کیلئے ایک مربوط نقطہ نظر اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز، کاروبار، وسائل اور سیاحتی سرگرمیوں کے درمیان روابط قائم کرنے کے علاوہ خطے پر سیاحت کے اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی اثرات کا بغور جائزہ لیا جانا چاہئے۔