ویڈیو: فری اسٹائل ڈائیونگ اور اسپیئر گن سے انوکھی فشنگ
پاکستان میں بہت کم لوگ ایسے ہیں جو اس انداز میں فشنگ کرتے ہیں جسے اسپیئر فشنگ کہا جاتا ہے، فری اسٹائل ڈائیونگ کے ساتھ اسپیئر فشنگ ایک مشکل فن ہے۔
فری اسٹائل ڈائیونگ میں انسان بنا مصنوعی آکسجین کے سمندر کی گہرائی میں جاتاہے اور اسپیئر فشنگ میں ایک خاص گن جس میں راڈ، گولی کا کام کرتی ہے، سے مچھلی کو دیکھ کر اس پر نشانہ لیا جاتا ہے۔
معروف ڈائیور عاکف راج اس فن میں مہارت رکھتے ہیں، ان کی سمندر سے دوستی ایسی ہے کہ وہ کچھ دنوں تک پانی میں نہ جائیں تو انہیں بے چینی ہوجاتی ہے، یہ کہا جائے کہ سمندر عاکف کا دوسرا گھر ہے تو بے جا نہ ہوگا۔
عاکف راج 15 سالوں سے اسپیئر فشنگ کررہے ہیں وہ پاکستان کی تمام ساحلی پٹیوں پر اسپیئر فشنگ کرچکے ہیں۔
عاکف کا کہنا ہے کہ انہوں نے یوٹیوب سے دیکھ کر فری اسٹائل ڈائیونگ اور اسپیئر فشنگ سیکھی، غلطیاں بہت ہوئیں کیونکہ اس وقت پاکستان میں کوئی سکھانے والا انسٹرکٹر نہیں تھا، اب وہ اس فن میں عبور حاصل کرچکے ہیں اور ان کے 400 سے زیادہ اسٹوڈنٹس ہیں۔
عاکف ایک ہفتے میں 3 سے 4 بار گہرے سمندر میں شکار کیلئے جاتے ہیں اور زیر آب دنیا کے نظاروں کو کیمرے میں بھی محفوظ کرلیتے ہیں، وہ بتاتے ہیں کہ ایک بار سمندر کے اندر دیوہیکل شارک ان کے قریب آگئی اور وہ بڑی مشکل سے جان بچا کر وہاں سے نکلے۔
عاکف راج کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً 4 پانی میں سانس روک سکتے ہیں اور 120 فٹ گہرائی تک سمندر میں جاچکے ہیں، اس دوران انہوں نے سمندری دنیا کے وہ نظارے دیکھے جسے بیان کرنا مشکل ہے۔
عاکف جو مچھلی پکڑتے ہیں اسے وہ اچھے پیسوں میں غیر ملکی کمپنیوں کو فروخت کردیتے ہیں۔