فیروز خان کی سابقہ بیوی علیزہ کی حمایت میں شوبز شخصیات بھی بول پڑیں
فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزہ نے شوہر کے مبینہ تشدد سے متعلق ثبوت عدالت میں پیش کردیئے، جس کے بعد ان کی حمایت میں شوبز شخصیات بھی بول پڑیں اور احتساب کا مطالبہ کردیا۔
معروف اداکار فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزہ نے عدالت میں شوہر کے ہاتھوں مبینہ بدسلوکی کے دل دہلا دینے والے ثبوت پیش کئے۔ میڈیکل رپورٹس کے ساتھ تصویریں علیزہ کے سخت جسمانی استحصال کا نشانہ بننے کا واضح ثبوت ہیں۔
عدالت میں پیش کئے گئے ثبوتوں کے بعد شوبز انڈسٹری کے ستارے بھی علیزہ کی حمایت میں سامنے آگئے۔
اداکارہ مریم نفیس نے ٹوئٹر پوسٹ کی جس میں کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ جب آپ نے سچ کہا تو لوگوں نے آپ کو تنقید کا نشانہ بنایا، مجھے افسوس ہے کہ لوگ جان بوجھ کر خاموش رہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے افسوس ہے کہ آپ کو ان سب سے گزرنا پڑا، مضبوط رہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، اللہ آپ کے ساتھ ہے۔
ایک اور ٹویٹ میں مریم نفیس کا کہنا تھا کہ دونوں بازوؤں، کمر اور سینے پر چوٹیں ہیں، اوہ میرے خدایا، ہم لوگوں کیلئے اپنی آواز صرف اس وقت کیوں اٹھاتے ہیں جب وہ مرچکے ہوں؟، یا جب وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تب ہم ان پر کیوں الزام لگاتے ہیں؟۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی اس معاملے پر اپنا موقف شیئر کیا اور ٹویٹ کی۔
انہوں نے لکھا کہ میں امید کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ تمہیں وہ انصاف ملے جس کی تم حقدار ہو علیزہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایل او کی رپورٹ علیزہ نے بطور ثبوت پیش کی ہے، دونوں بازوؤں ، کمر، سینے اور چہرے پر چوٹیں ہیں، میں جانتا ہوں کہ ہم ایک ناقابل یقین حد تک غیر حساس معاشرہ ہیں لیکن اسے دوبارہ غور سے پڑھیں۔
اداکارہ ثروت گیلانی نے فیروز خان پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔ وہ بولیں کہ خاتون کو مارنے ایسے دھوکے بازوں کو شوبز انڈسٹری کی نمائندگی سے روک دینا چاہئے۔ انہوں نے ہیش ٹیگ banferozekhan بھی استعمال کیا۔
اداکارہ ارمینہ رانا خان نے بھی اس معاملے پر ٹوئٹ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اچھا بننے کی خاطر بدسلوکی کرنیوالے شوہروں کو برداشت کرنا چھوڑ دیں، اس ہی لمحے پیچھے ہٹ جائیں جب وہ پُرتشدد رجحانات دکھانا شروع کریں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کے بچے ہیں یا نہیں۔
اداکارہ منال خان نے بھی انسٹاگرام پر اسٹوری شئیر کی۔
ان کے علاوہ اداکارہ مشی خان، منشا پاشا، میرب اور انوشہ اشرف نے بھی تشدد کی مذمت کرتے ہوئے علیزہ کی حمایت کی۔