پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں سورج گرہن، نماز کسوف کی ادائیگی
پاکستان سمیت دنیا بھر میں منگل کو جزوی سورج گرہن دیکھا گیا، اس موقع پر سنت نبویؐ کی پیروی کرتے ہوئے نماز کسوف کا بھی اہتمام کیا گیا۔
رواں سال کے دوسرے اور آخری جزوی سورج گرہن کا آغاز دوپہر1 بجکر58 منٹ پرہوا جو 4 بجے عروج پر پہنچنا، 6 بجکر2 منٹ پر سورج گرہن اختتام پذیر ہوا۔
سورج کو گرہن لگنے کا نظارہ یورپ، شمالی افریقا، مشرق وسطیٰ اور ایشیا کے مختلف حصوں میں لوگوں کی جانب سے کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں شام 4 بجے جزوی سورج گرہن اپنے عروج پر رہا، اسلام آباد میں جزوی سورج گرہن کا آغاز 3 بج کر 43 منٹ پر ہوا جبکہ 5 بج کر 22 منٹ پر اختتام ہوا، لاہور میں 3 بجکر 49 منٹ پر آغاز اور 5 بج کر 20 منٹ پر ختم ہوا۔
کراچی میں جزوی سورج گرہن 3 بج کر 57 منٹ پر شروع جبکہ پانچ بج کر ایک منٹ پر عروج اور پانچ بج کر 56 منٹ پر اختتام ہوا، پشاور میں تین بج کر 41 منٹ پر شروع ہوا، چار بج کر 49 منٹ پر عروج اور پانچ بج کر 28 منٹ پر ختم ہوا۔
کوئٹہ میں تین بج کر 44 منٹ پر جزوی سورج گرہن کا آغاز ہوا، چار بج کر 53 منٹ پر عروج اور پانچ بج کر 51 منٹ پر اختتام ہوا۔
نماز کسوف کی ادائیگی:
سعودی عرب میں بھی آج جزوی سورج گرہن ہوگا، مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں سورج گرہن کے موقع پر نماز کسوف ادا کی جائے گی۔
مفتی اعظم الشیخ عبدالعزیز کے مطابق سورج گرہن اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے، سورج گرہن کے وقت نماز کسوف ادا کرنا مستند سنت ہے۔
بھارتی ریاست اڑیسہ میں عام تعطیل:
بھارت کے کئی علاقوں میں بھی سورج گرہن دیکھا جاسکے گا، ریاست اڑیسہ میں 25 اکتوبر کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔
سرکاری سطح پر عام تعطیل کے اعلان کے مطابق تمام سرکاری دفاتر، اسکول، کالج، تعلیمی ادارے، عدالتیں، بینک اور دیگر مالیاتی ادارے بند رہے۔
سورج گرہن کو براہ راست نہ دیکھنے کا انتباہ:
بین الاقوامی مرکز فلکیات نے انتباہ کیا ہے کہ براہ راست سورج گرہن کو دیکھنے سے آنکھوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جومستقل اندھے پن کا باعث بن سکتا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے سورج گرہن کے وقت کھانے سے نظام انہضام پر کوئی اثر نہیں پڑتا، حاملہ خواتین کے سورج گرہن میں باہر نہ نکلنے کے دعوے کو بھی مسترد کردیا۔