ضلع لسبیلہ کو تقسیم کرنے کیخلاف دائر درخواستوں پر دلائل طلب
بلوچستان ہائیکورٹ نے ضلع لسبیلہ کو دو حصوں میں تقسیم کرنے سے متعلق فیصلے کیخلاف دائر درخواستوں کو یکجا کرکے درخواست گزاروں سے دلائل طلب کرلیے۔
ضلع لسبیلہ کی تقسیم اور حب کو ضلع بنا ئے جانےکا نوٹیفکیشن واپس لینے کیلئے دائر درخواست پر بلوچستان ہائیکورٹ میں چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس اقبال کاسی پر مشتمل بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔
سماعت کے موقع پر درخواست گزار اور دیگر فریقین عدالت میں پیش ہوئے جبکہ حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔
حکومت کی جانب سے لسبیلہ کو دو حصوں میں تقسیم سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت سے رپورٹ کے مندرجات پر بحث کی اجازت کی استدعا کی۔
ضلع لسبیلہ کو دو حصوں میں تقسیم کرنے سے متعلق مزید 58 درخواستوں کو بھی کیس کا حصہ بنا لیا گیا۔ عدالت نے درخواست پر دلائل کیلئے آئندہ سماعت 9 نومبر کو مقرر کر دی۔
خیال رہے کہ ضلع لسبیلہ بلوچستان کا ساتواں بڑا ضلع ہے۔ جس کی سرحد سندھ، آواران، گوادر اور خضدار سے منسلک ہے۔ اس کی 9 تحصلیں ہیں جن میں بیلہ، اوتھل، حب ، لاکھڑا، سومیانی، دریجی، لیری، گڈانی اور کنیج ہیں۔