معروف صحافی ارشد شریف کی کینیا میں موت پر سیاستدانوں کا اظہار تعزیت
سینئر صحافی ارشد شریف کی کینیا میں موت پر پاکستان کے بڑے سیاستدانوں نے اظہار افسوس اور تعزیت کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری
وزیرخارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سینئر صحافی ارشد شریف کی ناگہانی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کا ناقابل یقین واقعہ انتہائی صدمے کا باعث ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ ارشد شریف کا قتل پاکستان کی صحافی برادری کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے، میں سانحے پر ورثاء، صحافی برادری اورمداحوں سے تعزیت کرتا ہوں۔
صحافی ارشد شریف کو گولی مار دی گئی
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ارشد شریف قتل کے معاملے میں وزارت خارجہ کینیا کے حکام سے رابطے میں ہے۔
عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر صحافی ارشد شریف کے انتقال پر اظہار اور تعزیت کیا۔
عمران خان نے صحافی ارشد شریف کی والدہ اور اہل خانہ سے ملاقات بھی کی، اور ارشد شریف کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔
مولانا فضل الرحمان
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کا بیرون ملک قتل افسوسناک اور قابل مذمت ہے، مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کےغم میں برابر کا شریک ہوں۔
مولانا فضل الرحمان نے دعا کی کہ اللہ مرحوم کےدرجات بلند فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائیں، اور اہل خانہ کو صبر جمیل کی توفیق عطاء فرمائے۔
شجاعت حسین
مسلم لیگ ق کے صدر اور سینئر سیاستدان چوہدری شجاعت اور ان کے صاحبزادے شافع حسین نے بھی سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ملک ایک بے باک اور تحقیقاتی صحافت کرنے والے سچے پاکستانی سے محروم ہوگیا۔
چوہدری شجاعت نے دعا کی کہ اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ صبر جمیل عطا کرے۔