صدر، وزیراعظم اور وزیرخارجہ کی پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکلنے پر قوم کو مبارکباد
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیا، وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے قوم کو مبارکباد دیدی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کا نام فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اللّٰہ کا شکر ہے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی‘‘۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔
جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان حکومتی، اداروں اور افراد کی جانب سے 4 سال کی مسلسل محنت کے بعد ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا ہے، جس پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کامیابی کا کریڈٹ ان تمام لوگوں کو جاتا ہے، جنہوں نے انتھک محنت کی، قوانین میں تبدیلیاں کیں اور منی لانڈرنگ کے انسداد کے حوالے سے قومی عزم پر عمل کرکے دکھایا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام باضابطہ طور پر گرے لسٹ سے نکل گیا ہے، ’’پاکستان زندہ باد‘‘۔
وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور چیئرپرسن نیشنل فیٹف کوآرڈینیشن کمیٹی حنا ربانی کھر نے بھی کہا ہے کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران ہماری مسلسل کوششوں کے نتیجے میں ہمارے غیرمتزلزل سیاسی عزم اور کامیاب آن سائٹ وزٹ کے اعتراف کے طور پر فیٹف نے پاکستان کے 2018ء اور 2021ء کے ایکشن پلان کی بنیادی، تکنیکی اور ضابطے کی تمام شرائط کی تکمیل کو مکمل طور پر تسلیم کرلیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نتیجتاً فیٹف نے متفقہ طور پر پاکستان کو ”زیادہ نگرانی کے دائرہ اختیار کی فہرست“ (گرے لسٹ) سے نکالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وائٹ لسٹ کردیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کے نکلنے پر عوام اور اتحادی جماعتوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان کو دو خوشخبریاں ایک ساتھ ملی ہیں، پہلے نواز شریف کی حکومت، اب شہباز شریف کی اتحادی حکومت کی محنت سے پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل گیا ہے۔