“مسلمان لکشمی کی پوجا نہیں کرتے تو کیا وہ امیر نہیں ہوتے؟“بی جے پی رہنما کا سوال
بھارتی ریاست اتر پردیش کی ریاستی اسمبلی میں بی جے پی کے رکن للن پاسوان کی ایک ویڈیو نے نیا تنازع کھڑا کردیا ہے۔
ویڈیو میں للن پاسوان کہتے ہیں کہ اگر آپ مانیں تو دیوی ہے اور اگر نہیں تو پتھر کی مورتی ہے۔ آتما اور پرماتما (روح اور خدا ) صرف لوگوں کا عقیدہ ہے، یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم دیوی دیوتاؤں کو مانتے ہیں یا نہیں۔ ہمیں کسی منطقی نتیجے پر پہنچنے کے لیے سائنسی بنیادوں پر سوچنا ہو گا۔ اگر آپ یقین کرنا چھوڑ دیں گے تو آپ کی ذہنی استعداد بڑھ جائے گی۔
للن پاسوان نے کہا کہ اگر لکشمی دیوی کی پوجا کرنے سے ہی دولت ملتی ہے تو مسلمانوں میں کوئی ارب پتی اور کھرب پتی نہ ہوتا۔ ہمارے مسلمان بھائی لکشمی دیوی کی پوجا نہیں کرتے، کیا وہ امیر نہیں ہیں؟ مسلمان بھائی اگر دیوی سرسوتی کی پوجا نہیں کرتے۔ کیا مسلمانوں میں عالم نہیں ہیں؟ کیا وہ ملک کے اہم ترین سرکاری عہدوں پر نہیں ہوتے؟
وڈیو وائرل ہونے کے بعد اتر پردیش کے مختلف علاقوں میں للن پاسوان کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے، احتجاجی مظاہروں کے دوران ان کے پتلے بھی نذر کئے گئے ہیں۔