لاہور: سرکاری اسکول ٹیچر کے قتل میں طلباء شامل تفتیش
مقتول عمران اسلم کی کسی سے کوئی رنجش نہیں تھی،لواحقین
لاہور میں سرکاری اسکول کے گریڈ 16 کے ٹیچر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
عمران اسلم بچوں کو ٹیوشن پڑھاکر گھر واپس جارہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار تعاقب کرتے 19،20 سال کے لڑکوں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مقتول 4 بچوں کا باپ تھا۔
ورثاء کا کہنا ہے کہ عمران اسلم کی کسی سے کوئی رنجش تھی نہ ہی اس نے کبھی دھمکیاں موصول ہونے کا ذکر کیا، فائرنگ کرنے والوں نے وقوعہ سے پہلے کوئی بات چیت بھی نہیں کی۔
پولیس نے طلباء کو شامل تفتیش کرکے وجوہات سامنے لانے کیلئے تحقیقات شروع کردیں۔ حتمی وجوہات کا تعین تفتیش مکمل ہونے پر کیا جاسکےگا۔