ایڈٹ شدہ ویڈیو سے مریم نواز کی عزت مجروح ہوئی،عدالت میں درخواست دائر
لاہور کی سیشن کورٹ نے مریم نواز شریف کی ویڈیو ایڈٹ کرنے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرلیا۔
لاہور کی سیشن کورٹ میں آج بروز جمعہ 14 اکتوبر کو مریم نواز شریف کی ویڈیو ایڈٹ کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے اسماعیل گجر ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز کی ویڈیو کو ایڈٹ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ایڈٹ شدہ ویڈیو سے مریم نواز کی عزت اور شہرت مجروح کرنے کی کوشش کی گئی۔ زلفی بخاری نے ایڈٹ شدہ ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کیا۔
عدالت سے استدعا کرتے ہوئے درخواست گزار نے کہا کہ عدالت ایف آئی اے کو زلفی بخاری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت گیارہ نومبر تک ملتوی کردی۔