آڈیو لیکس نے عمران خان کے بیانیے کا تیاپانچا کردیا،مریم نواز
مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ آڈیو لیکس نے عمران خان کے بیانیے کا تیا پانچا کردیا۔
لندن میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کا اصل نام سازش خان ہونا چاہیے۔ عمران خان ہارس ٹریڈنگ کرنے والوں پر الزام لگاتا تھا مگر خود بند کمرے میں ارکان کی خرید و فروخت کی منڈیاں لگاتا رہا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا دعویدار لوگوں کو شرک کا مطلب سمجھاتا ہے اگر یہ شرک ہے تو سب سے بڑے مشرک خان صاحب خود ہوئے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیشہ فاؤل پلے کرتا رہا، پکڑا آج گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2018ء میں نوازشریف اور مسلم لیگ ن کو ہرانا مشکل تھا مگر چن چن کر ہمارے الیکٹیبلز کو میدان سے باہر کیا گیا اور جھوٹے مقدمے میں نواز شریف کو سیاست سے باہر کیا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کی تعداد حکومت سے کئی زیادہ تھی، کافی ارکان کو کنٹینرز میں بند کیا گیا، فون کرائے گئے اور سینیٹ الیکشن میں دھاندلی کر کے جیت گئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بیساکھیاں ہٹیں تو کس طرح منہ کے بل گرگیا، اب ہاتھ، آنکھ، کان اور بیساکھیاں نہیں ہیں۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ پہلی بار ان کی سازش ناکام ہوئی ہے، پوری دنیا ان کا یہ سیاہ چہرہ دیکھ چکی ہے، قوم کو آج پتہ چل گیا اس کا اصل بیانیہ کیا ہے، جو ان کو سپورٹ کرتے تھے وہ بھی آج سوال کرتے ہوں گے۔