’’والد سے لپٹی سرخرو بیٹی‘‘، نوازشریف اور مریم کی تصویر شیئر

مریم نواز پاکستان سے بذریعہ دوحہ اڑان بھرتی ہوئی والد سے ملنے برطانیہ پہنچ گئیں

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے نوازشریف اور مریم نواز کی گلے لگنے کی تصویر شیئرکردی اور لکھا کہ ’’والد سے لپٹی سرخرو بیٹی‘‘۔

مسلم لیگ ن کے نائب صدر مریم نواز شریف پاکستان سے بذریعہ دوحہ اڑان بھرتی ہوئی اپنے والد سے ملنے برطانیہ پہنچ گئی ہیں۔

گھر کے اندر آمد پر مریم نواز اپنے والد نواز شریف پر نظر پڑتے ہی جذباتی اور آنکھیں نم ہوگئیں۔ اس موقع پر والد نے انہیں گلے لگایا۔ چار سال اور تقریبا تین ماہ بعد کی طویل جدائی اور انتظار کے بعد باپ بیٹی کی ملاقات کے مناظر دیکھنے والے تھے۔ باپ بیٹی کی ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئیں ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے نوازشریف کی اپنی بیٹی مریم کو گلے لگانے کی تصویر پوسٹ کی ہے اور اس میں لکھا ہے کہ ’’والد سے لپٹی سرخرو بیٹی‘‘۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ تصویر وہ کرب بیان نہیں کرسکتی جو نوازشریف اور بہادر مریم نے قید ناحق، بہتان، ذہنی اذیت، اپنوں کو کھونے کے غم کی صورت سہا۔

وفاقی وزیر نے پوسٹ میں تحریر کیا کہ الوداع کہتیں بیگم کلثوم سے دور کئے گئے جب انہیں قریب رہنا تھا، کیا اس ناانصافی کا مداوا ممکن ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید لکھا کہ والد سے لپٹی سرخرو بیٹی، مگرمشکلات اور ظلم میں ایک آنسو نہ گرا۔

Tabool ads will show in this div