گلوکار عبداللہ قریشی نے دین اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑدی

اپنی اگلی زندگی سنوارنے کے لیے ہم سب کے پاس اس دنیا میں بہت کم وقت ہے، عبداللہ قریشی

جنید جمشید، رابی پیرزادہ، حمزہ علی عباسی اور نور بخاری کے بعد اب گلوکار عبداللہ گل نے بھی دین اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

عبداللہ قریشی نے میوزک انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان انسٹاگرام پرکیا۔

اپنی پوسٹ میں عبداللہ قریشی نے لکھا کہ میں نے میوزک انڈسٹری سے وقفہ لیا تھا، میں نے خود کو تلاش کرنے اور یہ سوچنے کے لیے وقفہ لیا کہ میں کون تھا ، کہاں سے آیا تھا اور کیا بننا چاہتا تھا۔

عبداللہ قریشی نے کہا کہ میں میوزک انڈسٹری چھوڑ رہا ہو اور یہ فیصلہ صرف اور صرف مذہبی وجوہات کے باعث کیا ہے۔

انڈسٹری سے متعلق عبداللہ قریشی نے کہا کہ میں نے اس انڈسٹری میں بہت اچھا وقت گزارا، جس میں موسیقی کی تخلیق، ہزاروں لوگوں کے سامنے کنسرٹ میں پرفارمنس ، محبت اور تعریفیں سمیٹنا ، تنازعات کا سامنا کرنا، غلط فیصلے کرنا ، اچھے دوست بنانا، رول ماڈل کے ساتھ کام کرنا اور وہ سب کرنا جو مجھے پسند ہے شامل ہے۔

عبداللہ قریشی نے مزید کہا کہ میرے نزدیک زندگی کا اصل مقصد اس سے کہیں بڑھ کر ہے۔ اپنی اگلی زندگی سنوارنے کے لیے ہم سب کے پاس اس دنیا میں بہت کم وقت ہے۔ الحمداللّٰہ میں اپنے فیصلے سے مطمئن ہوں اور بہتری کی راہ پر گامزن ہوتے ہوئے سچ کھوج رہا ہوں۔ دعا ہے کہ یہ نیا سفر اللّٰہ میرے لیے آسان کرے۔

انہوں نے کہا کہ اب میں کسی کنسرٹ میں پرفارم نہیں کروں گا، نہ ہی کبھی کسی اشتہار میں کام کروں گا۔ براہ مہربانی اس سلسلے میں کوئی مجھ سے رابطہ نہ کرے تاہم ہمارے دین کے دائرہ کار میں آنے والا ہر کام کرکے مجھے خوشی ہوگی۔

عبداللہ قریشی پہلے گلوکار یا فنکار نہیں جس نے اسلام کی خاطر اپنا فنی سفر ختم کردیا ہو، ان سے پہلے جنید جمشید مرحوم، رابی پیرزادہ، نور بخاری ، سارہ چوہدری اور بھارتی اداکارہ ثنا خان سمیت کئی فنکار راہ ہدایت پاچکے ہیں۔

Pakistani Singer

Abdullah Qureshi

SAMAA MUSIC

samaa life style

Tabool ads will show in this div