مجھے کسی اور کی آڈیو لیک کرنی تھی تو اپنی کیوں لیک کرواتا؟، وزیر اعظم

عمران خان نے ملک کے ساتھ سازش کی، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھے کسی اور کی آڈیو لیک کرنی تھی تو اپنی کیوں لیک کرواتا؟۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ میری آڈیو لیک ہوئی تھی، اس کےاگلےروزایک اورآڈیولیک ہوئی، آڈیو لیک کرنے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں، مجھے کسی اور کی آڈیو لیک کرنی تھی تو اپنی کیوں لیک کرواتا؟۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آڈیولیک کی تحقیقات کا کابینہ فیصلہ کرچکی ہے ، متعلقہ محکمے قانون کے مطابق آڈیولیک کی تحقیقات کریں گے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں 3 اپریل 2022 کو اس وقت کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے عدم اعتماد کی تحریک کو مسترد کردیا، میں اس وقت لیڈرآف اپوزیشن تھا،کسی کی نہ سنی گئی، اس کے فوری بعد عمران خان نے اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان کردیا، صدر نے 20 منٹ میں اسمبلی توڑنے کی سمری منظور کی۔ ہماری سمریاں صدر مملکت کے پاس مہینوں پڑی رہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران خان اور اس کے حواریوں نے ملک کا وقت برباد کیا، بدترین بددیانتی کی گئی، قوم کے اعتماد کو مجروع کیا گیا، اتحادی حکومت پر طرح طرح کے الزامات لگائے گئے، 5 ماہ میں عمران خان نے نہ جانے کیا کیا الزامات لگائے جس کا کوئی سر تھا نہ پیر، عمران خان نے ملک کے ساتھ سازش کی ،آج اس سازش کاتانا بانا عمران خان کے ساتھ مل چکا ہے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پتھردل انسان ہیں ،ان کو کسی کا خیال نہیں، آئی ایم ایف کو ڈرانے کے لئےکس کس طرح سے کوشش کی ،عمران نیازی سر سے پاؤں تک فراڈیا ہے، وہ دن رات قوم سے جھوٹ بولتا ہے، عمران خان نےقوم کی قسمت سےکھیلا۔

امریکا میں آنے والے سائفر سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ سائفر ڈی کوڈ نہیں ہوسکتا، اگر یہ ڈی کوڈ ہوجائے تو دنیا بھر کے سفارت خانوں سے جو مراسلے آتے ہیں وہ چوری ہوسکتے ہیں۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی رہائی پر وزیر اعظم نے کہا کہ مریم نواز کے کیس کا نیب ترامیم سے کوئی تعلق نہیں، مریم نواز کو عدالت نے کلین چٹ دی، مریم نواز نے جیلیں کاٹیں ، نیب کے عقوبت خانوں میں گئیں، اپنے والد کے ساتھ نیب کی عدالتوں میں پیش ہوتی رہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران نیازی نے نیب چیئرمین کو گردن سے دبوچا ہوا تھا، وزیر اعظم ہاؤس میں خاتون کو حبس بےجا میں رکھ کر نیب چیئرمین کو بلیک میل کیاگیا، علیمہ خان کو این آر او ہم نے دیا تھا ؟ چینی اور گندم کی کرپشن کو این آر او میں نے نہیں دیا، تاریخ کاسب سے بڑا 190 ملین پاؤنڈ کا ڈاکا عمران خان کی ناک کے نیچے ڈالا گیا، عمران خان نے اپنی ذات کو این آر او دیا، عارف علوی سے آرڈیننس جاری کروایا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہا نواز شریف ڈاکٹرز کی اجازت سے وطن واپس آئیں گے، وہ جب آئیں گے تو خوش حالی کی گٹھڑی ساتھ لائیں گے۔

نئے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ آئین میں آرمی چیف کی تقرری کا طریقہ موجود ہے، آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ آئین کے مطابق ہوگا۔

PTI

IMRAN KHAN

PM SHAHBAZ SHARIF

cipher

Tabool ads will show in this div