کرنسی مارکیٹ میں ہیر پھیر کے ذریعے اربوں کمانے والے 8 بینکوں کی فہرست پیش

وزیر مملکت برائے خزانہ کی بینکوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی

کرنسی مارکیٹ میں مبینہ ہیر پھیر کے ذریعے اربوں روپے کمانے والے 8 کمرشل بینکوں کی فہرست قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ میں پیش کردی گئی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران ڈالر ریٹ سے ناجائز پیسہ کمانے والے بینکوں کی فہرست کمیٹی میں پیش کی گئی، اسٹیٹ بینک کی جانب سے بتایا گیا کہ کرنسی مارکیٹ میں ہیر پھیر کرنے والوں میں 8 بینک شامل ہیں۔

قائمہ کمیٹی کے ارکان ان بینکوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے گورنراسٹیٹ بینک اور سیکرٹری خزانہ پر برس پڑے۔

کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ ان بینکوں نے ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا۔ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ریٹ میں 10 روپے کا فرق بھی دیکھا گیا ہے، اسٹیٹ بینک نے بطور ریگولیٹر بینکوں کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کی۔ ڈالر 245 سے بھی اوپر کیسے چلا گیا؟

برجیس طاہر نے کہا کہ آپ لوگ کہتے تھے سیاسی عدم استحکام کے باعث ڈالر بے قابو ہے،اسحاق ڈار کے آنے سے ڈالر ایک ہفتے میں 12 سے 14 روپے سستا ہوگیا،لوگ اسحاق ڈار کو ایس ایچ او کہتے ہیں، لوگ کہتے ہیں ایس ایچ او آیا اور ڈالر ٹھیک ہوگیا، وہ کون سے 8 بینک ہیں جنہوں نے اربوں ڈالر لوٹے۔

کمیٹی کو بریفنگ کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ بینکوں اور ایکسچینج کمپنیوں کی مانیٹرنگ جاتی ہے، ان بینکوں کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں، اب تک 2 ایکسچینج کمپنیوں کے لائسنس بھی معطل کر چکے ہیں۔

وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ فنانشل سیکٹر کے بارے میں غیر سنجیدہ بات نہیں کرنا چاہتے، اسٹیٹ بینک ثبوت کے ساتھ آگے بڑھے گا۔

NATIONAL ASSEMBLY

currency rates

dollar price

STATE BANK OF PAKISTAN (SBP)

Tabool ads will show in this div