کرپٹو کرنسی کی غیرقانونی تشہیر، کم کارڈیشن پر لاکھوں ڈالرز جرمانہ

امریکی رئیلٹی اسٹار نے انسٹاگرام پر کرپٹو کی تشہیری پوسٹ شیئر کی تھی

کرپٹو کرنسی کی غیرقانونی تشہیر کے الزام میں امریکی رئیلٹی اسٹار کم کارڈیشین پر لاکھوں ڈالرز کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کم کارڈیشین نے ان الزامات کے بعد انتظامیہ کے ساتھ سمجھوتہ کرتے ہوئے 1.26 ملین ڈالر کا جرمانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

امریکا کے وفاقی ادارے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے پیر کو کم کارڈیشین کے خلاف الزامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کم کارڈیشین نے گزشتہ سال کرپٹو کرنسی کی پروموشن کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کا استعمال کیا اور نہ صرف اس سے موصول ہونے والا معاوضہ ظاہر نہیں کیا بلکہ اس پر ٹیکس بھی ادا نہیں کیا۔

سیکیورٹیز ایینڈ ایکسچینج کمیشن کے مطابق کم کرڈیشن جرمانے کے علاوہ آئندہ تین برس تک کرپٹو کرنسی کی تشہیر سے متعلق کوئی بھی ویڈیو پوسٹ نہیں کرسکیں گی۔

کم کارڈیشین کرپٹو کی تشہیر کیلئے وصول کیے گئے ڈھائی لاکھ ڈالرز بھی واپس کریں گی اور جرمانے کے علاوہ تقریباً دس ہزار ڈالر سود کی مد میں بھی ادا کریں گی اور یہ تمام رقم 20 دن کے اندر ادا کرنا ہوگی۔

کم کارڈیشن کے انسٹاگرام پر331 ملین فالوورز ہیں اور وہ سوشل نیٹ ورک پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے دس لوگوں میں سے ایک ہیں، کم کارڈیشن اپنے انسٹاگرام پر مختلف برانڈز کی پروموشن کرکے پیسے کماتی ہیں۔

کم کارڈیشین کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب 80 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے جو انہوں نے سوشل میڈیا پر برانڈز کی تشہیر کے ذریعے کمائے ہیں۔

ایک سال پہلے کی اطلاعات کے مطابق وہ سوشل میڈیا پر فی پوسٹ ڈھائی سے پانچ لاکھ ڈالر معاوضہ لیتی ہیں جبکہ وہ کچھ پوسٹس کے لئے دس لاکھ ڈالر تک بھی وصول کرتی ہیں۔

کم کارڈیشین ٹی وی سیریز ”دی کارڈیشینز“ میں اپنے کردار کے لیے مشہور ہیں، وہ ایک کامیاب کاروباری خاتون بھی ہیں، ان کا ملبو سات اورا سکن کیئر برانڈز کا بزنس ہے۔

SEC کے چیئر گیری گینسلر نے بیان میں کہا کہ یہ معاملہ ایک یاد دہانی ہے کہ جب مشہور شخصیات سرمایہ کاری کے مواقع کی پروموشن کرتے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ سرمایہ کاری کی مصنوعات تمام سرمایہ کاروں کے لیے صحیح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے ممکنہ خطرات اور مواقع پر غور کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

امریکی حکام ماضی میں بھی مشہور شخصیات کے خلاف غیر قانونی طور پر کرپٹو کرنسیز کو فروغ دینے کے الزام میں کارروائئی کرچکے ہیں جن میں باکسر فلائیڈ مے ویدر، ریپ اسٹار ڈی جے خالد، اداکار اسٹیون سیگل اور ریپر ٹی آئی شامل ہیں۔

kim kardashian

Tabool ads will show in this div