آئی ایم ایف کو ڈیل کرلوں گا،مفتاح اسماعیل کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،اسحاق ڈار
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ڈالر کی اصل قدر200 روپے سے کم ہے اور آئندہ دنوں میں ڈالر 200 روپے سے کم ہوجائے گا۔
ٹی وی انٹرویو میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں سٹہ بازوں اورہنڈی والوں کوکھلی چھوٹ ملی ہوئی تھی لیکن اب ایسا نہیں چلے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول پرلیوی بڑھا کر عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے تھے، آئی ایم ایف کو ڈیل کرلوں گا،مفتاح اسماعیل یا کسی کو پریشان ہونےکی ضرورت نہیں ۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اِس وقت ڈالربین الاقوامی طور پر مضبوط ہے لیکن اپنی پالیسیوں کے تحت ڈالر کو 200 روپے سےکم پرلائیں گے۔
واضح رہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور انٹر بینک میں آج ڈالر ایک روپے 16 پیسے سستا ہوکر 227 روپے 29 پیسے کا ہوگیا ہے۔