کیا آپ شعیب اختر کی زندگی پر بننے والی فلم میں اداکاری کرنا چاہتے ہیں؟
شعیب اختر کی زندگی پر بننے والی فلم راولپنڈی ایکسپریس کی کاسٹ کیلئے آڈیشنز کا آغاز ہوگیا ہے۔
فلم راولپنڈی ایکسپریس کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر آڈیزشنز سے متعلق پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں اداکاری کے خواہشمند 7 سال سے لیکر 70 سال عمر تک کے افراد سے درخواستیں مانگی گئی ہیں جس کی آخری تاریخ 20 اکتوبر ہے۔
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلرشعیب اختر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کیلئے ایک سپر اسٹار ہیں، وہ آج بھی دنیا کے تیز ترین باؤلر ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے کئی مواقع پر بین الاقوامی کرکٹر بننے کے راستے میں آنے والی اپنی مشکلات اور تجربات کو بیان کیا ہے۔
اگرچہ شعیب اختر کے چاہنے والے انکے اس سفر سے واقف ہونگے لیکن ان کی زندگی کو بڑی اسکرین پر دیکھنا یقیناً شاندار تجربہ ہوگا۔
راولپنڈی ایکسپریس کی کہانی کو قیصر نواز نے تحریر کیا ہے جبکہ فلم میں ہدایت کاری فراز قیصر کریں گے۔
فلم کی کاسٹنگ کے لیے آڈیشن جاری ہیں اور اگر آپ بھی اس کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو آڈیشن میں قسمت ضرور آزمائیں۔