سارا انعام قتل کیس،مبینہ قاتل کی والدہ کی عبوری ضمانت میں توسیع
سارا انعام قتل کیس میں مرکزی ملزم شاہنواز امیر کی والدہ ثمینہ شاہ کی عبوری ضمانت میں 7 اکتوبر تک توسیع کردی گئی۔
پیر کو ایڈیشنل سیشن جج شیخ سہیل نے کیس کی سماعت کی۔سارہ انعام کے والد انجینئر انعام الرحیم کی جانب سے راؤعبد الرحیم ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
انھوں نے عدالت کو بتایا کہ فیملی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کسی بے گناہ کو کیس میں ملوث نہیں کرنا چاہتے،انھیں مزید وقت دیا جائے، یہ اپنے دفاع میں جو لانا چاہتے ہیں،لے آئیں۔
عدالت نے سارا انعام کی فیملی کے وکیل کی استدعا پر سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ پچھلے ہفتے اسلام آباد کےعلاقے شہزاد ٹاؤن میں سیدہ سارہ انعام کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مقتولہ کے والد انعام رحیم کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملزم کو جلد از جلد سزا دی جائے، عدالت اور حکومت سے درخواست ہے کہ ملزم کو سخت سزا دی جائے، جس نے میری پھول سی بچی مجھ سے چھین لی۔