مونس الہی کا اسمبلی ملازم کے ذریعے بلیک منی کو وائٹ کرنے کا انکشاف

قیصر بھٹی کے اکاؤنٹ میں 10 ملین سے زائد کی رقم منتقل کی گئی

وزیراعلیٰ پنجاب کے بیٹے مونس الہی کا اسمبلی ملازم واجد بھٹی کے ذریعے بلیک منی کو وائٹ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کے بیٹے چوہدری مونس الہی نے کیسے پیسے کو بلیک سے وائٹ کیا، ایف آئی اے کے چالان میں حقیقت سامنے آگئی ہے۔

چالان میں انکشاف ہوا ہے کہ مونس الہی نے اسمبلی ملازم واجد بھٹی کے ذریعے بلیک منی کو وائٹ کیا، اس حوالے سے پنجاب اسمبلی کے نائب قاصد قیصر اقبال بھٹی نے سب بتا دیا۔

ایف آئی اے چالان کے مطابق قیصر بھٹی نے ایف آئی اے کو بیان میں بتایا کہ بینک اکاؤنٹ واجد احمد بھٹی کی ہدایت پر کھولا، واجد بھٹی اس چالان کا اہم ملزم اور وزیر اعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کا قریبی رشتے دار ہے۔

تفتیش میں قیصر بھٹی نے بتایا کہ واجد احمد بھٹی کی ہدایت پر ہی اکاوئنٹ فارم اور چيک بکس پر دستخط کیے، جب کہ اکاؤنٹس کی چیک بک واجد احمد بھٹی کو دينے پرمذکورہ بینک کو شکايت بھی کی۔

ایف آئی اے کے چالان کے متن کے مطابق قیصراقبال بھٹی کا پاکستان میں یا باہر کوئی کاروبارتھا اور نہ ہی وہ اتنا بڑا کاروبارکر سکتا تھا۔

چالان کے مطابق حیات خان پرائیویٹ لمیٹڈ نے 2016 میں قیصر بھٹی کے اکاؤنٹ میں10.1ملین روپے بھجوائے، جب کہ چالان میں کہا گیا ہے کہ قیصر بھٹی نے راسخ الٰہی کے اکاؤنٹس میں83.1 ملین روپے جمع کروائے۔

چالان میں بتایا گیا ہے کہ قیصر بھٹی 2019 سے پنجاب اسمبلی میں بطور نائب قاصد کام کررہا ہے، اور عدالت نے مونس الہی سمیت نامزد ملزمان کو 11 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔

Tabool ads will show in this div