مریم نواز کی عمران خان کے بارے میں رائے بالکل درست ہے، وزیراطلاعات

عمران خان نے ہر بار یہی ثابت کیا کہ وہ عورتوں کی توہین، تحقیرکرتا ہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی عمران خان کے بارے میں رائے بالکل درست ہے، عمران خان نے ہر بار یہی ثابت کیا کہ وہ عورتوں کی توہین، تحقیرکرتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی عمران خان کے بارے میں رائے بالکل درست ہے، عمران خان خواتین کوکم ترسمجھنےکی ذہنی بیماری میں مبتلاہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ایک ایسے شخص کا نام مجبوراً لینا پڑتا ہے جو خواتین کو کم تر مخلوق سمجھنے کی بیماری میں مبتلا ہے، اس نے ہر بار یہی ثابت کیا کہ وہ عورتوں کی توہین، تحقیرکرتا ہے، اور خواتین کے عزت واحترام سے نابلد ہے، اُنہیں محض اشیاء سمجھ کر بدکلامی ہی نہیں، ہراساں بھی کرتا ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے اپنی جماعت اور حامیوں میں یہی بیمار ذہنیت پھیلائی، اور بیمار ذہنیت کی حوصلہ افزائی کی، افسوسناک امر یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی خواتین لیڈرز اور حامی بھی اس پر کاربند ہیں، اور جشن بھی منارہی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ یہ اس امر کی حقیقی جھلک ہے کہ عمران خان کس قدر چھوٹا آدمی ہے، بدقسمتی سے ہمیں یہ معذرت خواہانہ عذر بیان کرنا پڑتا ہے، ہر روزیہ کم ظرفی کے ایک نئے پاتال میں اتر جاتا ہے۔

Tabool ads will show in this div