عمران خان کے لاڈلے پن کا تاثر دور کرکے انہیں سزا دی جانی چاہئیے، وزیرداخلہ

قوم تسلی رکھے سرحدوں کی محافظ پاک فوج پوری طرح سے مستعد ہے، رانا ثنااللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ملکی سلامتی کے ساتھ ساتھ ریاستی سیکیورٹی کیلئے عمران خان کے لاڈلے پن کا تاثر دور کرکے انہیں سزا دی جانی چاہئیے۔

سماء سے خصوصی بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ریاست کا تقاضا ہے کہ لاڈلے سے لاڈلے پن کا تاثر دور ہونا چاہئیے، عمران خان کے خلاف اب کاروائی ہونی چاہئے اور انہیں سزا دینی چاہئے۔

سائفر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سائفر کے حوالے سے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس ہوگیا ہے، جس میں اہم اور بنیادی فیصلے ہوئے، تاہم ان کيمرہ اجلاس کی تفصیل نہیں بتاسکتا، کابینہ کمیٹی برائے سائفراپنی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے مؤنس الہی کا چالان پیش کردیا فیصلہ عدالت کرے گی، مونس الہی کے خلاف چالان حقیقت پر مبنی ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ خیبرپختون خواہ میں شدت پسندی کے حوالے سے پاک فوج کام کررہی ہے، قوم تسلی رکھے سرحدوں کی محافظ پاک فوج پوری طرح سے مستعد کردارادا کررہی ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے دفاعی ادارے مکمل پروفیشنل ازم سے کام کر رہے ہیں، کوئی بھی دہشت گردتنظیم ياشدت پسندگروپ داخلی وخارجی سیکورٹی کونقصان نہیں پہنچا سکتا۔

آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے وزیرداخلہ نے کہا کہ آرمی چیف کے عہدے کا معاملہ پارٹی میٹنگ یا جلسوں میں ڈسکس نہيں ہوتا، اور نہ ہی ہونا چاہئیے، اس کی کوئی اجازت یا فیصلہ پارٹی میٹنگ یا جلسوں میں نہیں ہونا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آرمی چیف کے عہدے کا معاملہ آئینی فریضہ ہے جو وزیراعظم نے ادا کرنا ہے، وزیراعظم نے قواعد وضوابط کے تحت اس فريضے کو ادا کرنا ہے۔

RANA SANAULLAH

Tabool ads will show in this div