آف شور کمپنی کا چوہدری فیملی کے بے نامی اکاﺅنٹس سے شوگر ملز کے شیئر خریدنے کا انکشاف
بیرون ملک میں قائم آف شور کمپنی کے چوہدری فیملی کے بےنامی اکاﺅنٹس سے شیئر خریدنے اور واپس رحیم یارخان شوگر مل اور چوہدری خاندان کے افراد کو منتقل کرنے کاانکشاف ہوا ہے۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسپیشل پرووہیکلز کیس کیڈے ٹیک کے مالک رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی اور آکس کیپیٹل پرائیویٹ لمیٹڈ کی مالک زہرا الٰہی ہیں۔
انھوں نے اپنے ایجنٹس واجد بھٹی ، اسد اقبال، ماہ رُخ جہانگیر، رضا اعوان ، ساجدہ سہیل ، سنبل ریحان ، ناصرہ رحمان اور ارم امین کے ذریعے برطانیہ میں سلواتی انوسٹمنٹ لمیٹڈ قائم کی۔
سماءانوسٹی گیشن یونٹ کوحاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق آف شور کمپنی کی جانب سے 2016 میں چوہدری فیملی کے بے نامی اکاﺅنٹس سے 1کروڑ 35لاکھ کے شیئر خریدے گئے۔
سلواتی انوسٹمنٹ لمیٹڈ نے2017 میں1 کروڑ 35لاکھ شیئرز رحیم یار خان شوگر مل کو منتقل کیے جومونس الٰہی کی ساس ماہ رُخ جہانگیر نے حاصل کیے۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق آف شور کمپنی سے شیئر حاصل کرنے تک ماہ رُخ جہانگیر کے پاکستان میں کوئی اثاثے نہیں تھے۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا کہ مونس الٰہی اور ان کے خاندان نے رحیم خان شوگر مل کے شیئر کیس کیڈے ٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ اور آکس کیپٹل پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے 2016-17میں حاصل کیے۔
رواں سال فروری تک مونس الٰہی اور ان کے خاندان کے رحیم یار شوگر مل میں 50فیصد شیئر تھے۔
رضا اعوان کی جانب سے ایف آئی اے انوسٹی گیشن ٹیم کو آگاہ کیا گیا کہ وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ انہوں نے رحیم یارخان شوگر مل کے شیئرکیسے حاصل کیے، تاہم انہوں نے کچھ فنڈز متحدہ عرب امارات سے لیے جس کے ذرائع بارے وہ نہیں بتاسکے۔
سنبل ریحان ،مظہر عباس اور سلواتی انوسٹمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے لیے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ 2011 میں مظہر عباس نے رحیم یار خان شوگر مل کے 19لاکھ شیئر سنبل ریحان کو منتقل کیے اور پھر 2013 میں رحیم یار خان شوگر مل کے مزید 42لاکھ شیئر سنبل ریحان کو منتقل کیے گئے۔
اس ہی طرح 2016 میں رحیم یار خان شوگر مل کے 61لاکھ شیئر سلواتی انوسٹمنٹ لمیٹڈ کے نام منتقل کیے گئے جو بالآخر2017 میں مونس الٰہی کی ساس ماہ رُخ جہانگیر نے حاصل کر لیے۔
تحقیقات کے دوران اپنے تحریری بیان میں سنبل ریحان نے دعویٰ کیا کہ رحیم یار خان شوگر ملز کے شیئر انہوں نے اپنے کزن سہیل اصغر اعوان کی ہدایت پر خریدے اور اس کے لیے ادائیگی بیرون ملک سے حاصل ہونے والی ترسیلات زر اور اپنے کزن مشتاق احمد اعوان سے کیش کی صورت میں حاصل ہونے والے تحائف سے کی گئی۔
سلواتی انوسٹمنٹ لمیٹڈ کی جانب سے 2016 میں چوہدری فیملی کے مختلف بے نامی اکاﺅنٹس سے خریدے گئے۔1کروڑ 35لاکھ کے شیئر 2017 میں رحیم یار خان شوگر مل گروپ میں ڈال کر ماہ رُخ جہانگیر کو دے دیے گئے۔
سال2021 میں ماہ رُخ جہانگیر نے یہ شیئر اپنی بیٹی تحریم الٰہی یعنی مونس الٰہی کی بیوی کو منتقل کردیے۔
مونس الٰہی کی جانب سے اپنے یہ شیئرز2008 سے 2018 کی اثاثوں کی تفصیلات میں ظاہر نہیں کئے گئے۔