کراچی: فائر بریگیڈ آفس کے اندر فائرنگ، 2 ملازم جاں بحق

ایک ملازم زخمی، چوتھے ملازم نے بھاگ کر جان بچائی

کراچی کے علاقے کورنگی بلال چورنگی کے قریب فائر بریگیڈ کے دفتر میں نامعلوم مسلح ملزموں نے داخل ہو کر فائرنگ کردی، واقعہ میں دو ملازمین جاں بحق، جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔ ڈیوٹی پر تعینات چوتھے ملازم نے بھاگ کر جان بچائی۔

اپنی جان پر کھیل کر لوگوں کی جان بچانے والے کراچی میں جرائم پیشہ افراد سے محفوظ نہ رہے۔ کورنگی فائر اسٹیشن میں نامعلوم مسلح ملزموں نے داخل ہو کر فائرنگ کردی، جس سے نائٹ شفٹ میں تعینات فائر بريگیڈ کے دو ملازمین جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا، جب کہ چوتھے اہلکار نے بھاگ کر اور جھاڑیوں میں چھپ کر جان بچائی۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت پچپن سالہ عامر اور پينتس سالہ محبوب کے نام سے ہوئی ہے۔

زخمی اہلکار ارشاد کے مطابق مسلح ملزم ڈیوٹی پر مامور چاروں افراد کو کنٹرول روم میں لے گئے جہاں نام پوچھ کر سروں پر گولیاں ماریں۔

بھاگ کر جان بچانے والے فائر بريگیڈ اہلکار ذیشان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزموں نے کنٹرول روم میں موجود محبوب کے سر پر پستول رکھی اور کلمہ پڑھنے کا کہا، جب کہ مقتول عامر نے ایک ملزم کو قابو کرنے کی کوشش کی تو اسے بھی گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

کورنگی فائر اسٹیشن کے انچارج ظفر خان کا کہنا ہے جاں بحق دونوں اہلکار کئی سال سے کورنگی فائر اسٹیشن میں ہی تعینات تھے۔ پولیس نے عینی شاہد فائر بريگیڈ ملازم کو تفتیش کے لیے تحویل میں لے ليا، جب کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ دونوں مقتولین کی لاشوں اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہوگئے۔ زخمی فائر مین محمد ارشاد نے بتایا کہ ہمیں اکٹھا کرکے نشانہ بنایا گیا۔ ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد 2 تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پورے فائر اسٹیشن میں کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ نصب نہیں ہے، اطراف سے سی سی ٹی وی حاصل کرنے کی کوشش کی جار رہی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے 3 خول اور 1 گولی ملی ہے۔

KARACHI CRIME

KARACHI FIRE BRIGADE

ATTACK ON FIRE BRIGADE OFFICE

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div