ملکہ الزبتھ کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری، کیا کچھ لکھا گیا؟

سرٹیفکیٹ میں موت کی وجہ اور وقت بھی درج ہے

برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ دوم کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا، جس میں ان موت کی وجہ اور وقت سمیت دیگر تفصیلات درج ہیں۔

برطانیہ کی 96 سالہ ملکہ کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جمعرات کو جاری کیا گیا جن کی موت اسکاٹش آئی لینڈز میں واقع بالمورل کاسل اسٹیٹ میں ہوئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملکہ کی موت 8 ستمبر کی سہ پہر 3:10 بجے ہوئی اور اس کی وجہ ’بڑھاپا‘ تھی۔

ایلزبتھ دوم برطانوی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک تخت نشین رہیں جن کی 1952ء میں تاج پوشی کی گئی تھی، اس طرح وہ 70 سال تک تخت برطانیہ پر براجمان رہیں۔

اسکاٹ لینڈ کے نیشنل ریکارڈ کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ سے پتہ چلتا ہے کہ آنجہانی ملکہ کی موت ان کی اکلوتی صاحبزادی شہزادی این نے 16 ستمبر کو رجسٹر کروائی تھی۔

شہزادی این نے 13 ستمبر کو بکنگھم پیلس سے جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ اپنی والدہ کی زندگی کے آخری 24 گھنٹوں کے دوران ان کے ساتھ موجود تھیں۔

سرٹیفکیٹ میں ملکہ کی موت کی جگہ پر ’بالمورل کاسل‘ درج کیا گیا ہے، پیشے کے سیکشن میں ’عزت مآب ملکہ عالیہ‘ درج ہے۔

اگر ملکہ کی موت انگلینڈ میں ہوتی تو ان کی موت کے اندراج کی کوئی ضرورت نہ ہوتی کیونکہ وہاں یہ قانون صرف رعایا پر لاگو ہوتا ہے، لیکن اسکاٹ لینڈ میں 1836ء سے لاگو مقامی قانون، جو انگلینڈ اور ویلز سے مختلف ہے، کے تحت اسکاٹ لینڈ میں ’ہر شخص کی موت‘ کا اندراج کیا جائے گا۔

ملکہ کی موت کے وقت سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ ملکہ کے دو چھوٹے بیٹے شہزادہ اینڈریو اور ایڈورڈ، ان کی بہو صوفی اور پوتے شہزادہ ولیم موت کے وقت بالمورل نہیں پہنچے تھے۔

شاہی خاندان کے یہ ارکان شمال مشرقی اسکاٹ لینڈ کے ابرڈین ہوائی اڈے پر سہ پہر 3:50 پر اترے اور 5:00 بجے کے بعد بالمورل پہنچے جبکہ شہرادہ ولیم کے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری شام کے بعد سب سے آخر میں وہاں پہنچے۔

رپورٹ کے مطابق ملکہ کے سب سے بڑے بیٹے اور ان کے جانشین، بادشاہ چارلس سوم کے بارے میں کہا گیا کہ انہوں نے صبح کے وقت ہی بالمورل کا سفر کیا تھا۔

سرٹیفکیٹ کے مطابق موت کی وجہ کے سیکشن میں صرف ’بڑھاپا‘ درج ہے اور اس میں کوئی اور وجہ بیان نہیں کی گئی، جس سے ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو جاتا ہے کہ ملکہ اپنی زندگی کے آخری دنوں میں کسی ’خاص مرض‘ میں مبتلا تھیں۔

Tabool ads will show in this div