غیر ملکی تربیت یافتہ، فارن فنڈڈ فتنے نے پاکستان کی تقدیر سے کھیلا، مریم نواز

عمران خان کو عبرت کا نشان نہ بنایا گیا تو سب کو ملکی تباہی کا ذمہ دار سمجھا جائے گا، مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ غیر ملکی تربیت یافتہ، فارن فنڈڈ فتنے نے پاکستان کی تقدیر سے کھیلا، عمران خان کو عبرت کا نشان نہ بنایا گیا تو سب کو ملکی تباہی کا ذمہ دار سمجھا جائے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ 22 کڑوڑ کا ملک 4 سال ایک نااہل، نا ہنجار اور غدار کے ہاتھوں میں گروی رہا۔

مریم نواز کاکہنا تھا کہ تکلیف دہ بات یہ نہیں کہ ایک غیر ملکی تربیت یافتہ، فارن فنڈڈ فتنے نے پاکستان کی تقدیر سے کھیلا، اس نے تو یہی کرنا تھا کیونکہ ملک میں انتشار پھیلانے کے عوض اس نے لاکھوں ڈالر پکڑے ہوئے تھے، تشویشناک پہلو یہ کہ عمران غدار وہ سب کرتا رہا اور سب چپ کر کے دیکھتے رہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے داخلی اور خارجی سطح پر ملک کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اور ثاقب نثار جیسوں نے اسے صادق و آمین قرار دیا۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ کون سا جرم ہے جو عمران خان پر ثابت نہیں ہوا، وہ خود کہہ رہا ہے کہ میں نے عوام کے ساتھ کھیلنا ہے۔

ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ اگر آج ہر طرح کا سنگین جرم ثابت ہونے کے بعد بھی اس غدار عمران کو عبرت کا نشان نہیں بنایا جاتا تو پھر ملک کی تباہی کا ذمہ دار ہم سب کو سمجھا جائے گا۔

Tabool ads will show in this div