امریکی خفیہ ایجنسی کے راز افشا کرنیوالے ایڈورڈ اسنوڈن کو روسی شہریت مل گئی

سابق سکیورٹی کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن جاسوسی کے الزام میں امریکا کو مطلوب ہیں

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی خفیہ ایجنسی کے راز افشا کرنیوالے سابق امریکی سکیورٹی کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن کو روس کی شہریت دے دی۔

عرب میڈیا کے مطابق روسی رہنماؤں کی طرف سے دسخط کیے گئے معاہدے کے مطابق سابق امریکی سکیورٹی کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن کو روسی شہریت دی گئی ہے۔

سرکاری ویب سائٹ پر شائع کیے گئے فرمان کے تحت ایڈورڈ اسنوڈن ان 75 غیر ملکیوں میں شامل ہیں جن کو روس کی شہریت سے نوازا گیا ہے۔

کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے خبر رساں اداروں کو بتایا تھا کہ ’ایڈورڈ اسنوڈن کو ان کی درخواست پر روس کی شہریت دی گئی ہے۔

ایڈورڈ اسنوڈن امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق کنٹریکٹر ہیں جو امریکا میں سرکاری نگرانی کے پروگراموں کی تفصیلات سے متعلق خفیہ دستاویزات لیک کرنے کے بعد امریکا کو مطلوب ہیں اور وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے 2013 سے روس میں مقیم ہیں۔

لیک ہونے والی دستاویزات میں نیشنل سکیورٹی ایجنسی کی طرف سے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کی گئی کارروائیوں کا اعتراف کیا گیا تھا جس میں القاعدہ کے خلاف کارروائی کا ذکر بھی کیا گیا تھا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2020 میں ایک امریکی عدالت میں ثابت ہوا تھا کہ ایڈورڈ اسنوڈن نے جس پروگرام کو بے نقاب کیا تھا وہ غیر قانونی تھا اور عوامی سطح پر اس پروگرام کا دفاع کرنے والے امریکی انٹیلی جنس سربراہ جھوٹ بول رہے تھے تاہم امریکی حکام برسوں سے اس کوشش میں ہیں کہ ایڈورڈ اسنوڈن کو ملک میں واپس لایا جائے تاکہ وہ جاسوسی کے الزامات پر امریکا میں مجرمانہ کارروائی کا سامنا کرے۔

واضح رہے کہ ایڈورڈ اسنوڈن جاسوسی کے الزام میں امریکا کو مطلوب ہیں لیکن انہوں نے روس میں پناہ حاصل کررکھی ہے۔ ایڈورڈ اسنوڈن نے 2019 میں کہا تھا کہ اگر انہیں منصفانہ ٹرائل کی ضمانت دی جاتی ہے تو وہ امریکا واپس جانے کو تیار ہیں۔

ایڈورڈ اسنوڈن امریکا سے فرار ہونے والے سابق فوجی کنٹریکٹر ہیں اور وہ امریکی تاریخ میں سکیورٹی راز افشا کرنے کے سب سے بڑے واقعے میں ملوث تھے اور میڈیا کو انہوں نے بتایا تھا کہ کس طرح این ایس اے غیر ملکی رہنماؤں اور ممالک کی جاسوسی کے لیے کس طرح ڈیٹا چھانتی ہے اور ان پر نظر رکھتی ہے۔

RUSSIA

USA

EDWARD SNOWDEN

Tabool ads will show in this div